اسپیس ایکس کا فیلکن 9 راکٹ فنی خرابی کا شکار

image

سٹارلنک کی بیسویں سیٹلائٹس اپنے مدار میں داخل ہونے میں ناکام، فیلکن 9 راکٹ شام 7 بج کر 39 منٹ پر لانچ کیا گیا، مسئلے کی بنیادی وجہ کے بارے میں جاننے کیلئے ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اسپیس ایکس کا فیلکن 9 راکٹ فنی خرابی کا شکار ہو گیا ہے۔ فنی خرابی کی وجہ سے سٹارلنک کی بیسویں سیٹلائٹس اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکی۔ سیٹلائٹ کو امریکہ کے وینڈن برگ اسپیس فورس اسٹیشن سے لانچ کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق فیلکن 9 راکٹ شام 7 بج کر 39 منٹ پر وینڈن برگ کے لانچ کمپلیکس 4 سے بغیر کسی پیچیدگی کے لانچ ہوا تھا۔ لانچ ہونے کے تقریباً ساڑھے 8 منٹ بعد راکٹ زمین پر واپس آیا اور "آف کورس آئی اسٹیل لو یو" ڈرون شپ پر اترا۔ خیال رہے کہ یہ ڈرون شپ بحر الکاہل میں موجود ہے۔

اسپیس ایکس کے بانی اور سی ای او ایلون مسک نے اپنے ایکس پیغام میں لکھا کہ اسٹارلنک سیٹلائٹس کو تعینات کر دیا گیا ہے لیکن فنی خرابی کے باعث سیٹلائٹ کیلئے جو بلندی درکار تھی وہ حاصل نہیں ہو سکی۔ انھوں نے کہا مسئلے کی بنیادی وجہ کے بارے میں جاننے کیلئے ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔