غیر رجسٹرڈ حاجیوں کا پتہ لگانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

image

حج کے طریقہ کار کو مزید تیز بنانے کی کوشش، اسمارٹ کیمرے جدید الگورتھم سے لیس ہوں گے، ان کیمروں کی مدد سے غیر قانونی زائرین کا پتہ لگا کر حد سے زیادہ ہجوم کو روکنے میں مدد ملے گی۔

جدہ: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت اب غیر رجسٹرڈ حاجیوں کا پتہ لگانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے۔ غیر رجسٹرڈ حاجیوں کی شناخت کیلئے اسمارٹ کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔ اسمارٹ کیمرے جدید الگورتھم سے لیس ہیں جو مقدس رسومات ادا کرنے کی کوشش کرنے والے غیر رجسٹرڈ حاجیوں کی نشاندہی کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال بڑھا رہا ہے۔ یہ جدید ترین نظام کسی ایسے شخص کی شناخت کیلئے ویڈیو فیڈز کا حقیقی وقت میں تجزیہ کرے گا، جس نے حج کیلئے سرکاری طور پر سائن اپ نہیں کیا ہو گا۔ 

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے کوٹ ڈی آئیور کے عابد جان ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والے عازمین حج کیلئے حج کے طریقہ کار کو تیز کرنے اور آسان بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی انتظامیہ نے ڈیجیٹلائزیشن کا آئیڈیا اس وقت شروع کیا جب اس حج سیزن میں مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات پر شدید گرمی کے دوران سینکڑوں عازمین حج کی موت ہوئی۔ اس نظام سے غیر قانونی زائرین کا پتہ لگانے اور خطرناک حد سے زیادہ ہجوم کو روکنے میں مدد ملے گی۔