جاپان نے چاند پر دوسرا خلائی مشن بھیجنے کا اعلان کر دیا

image

دوسرا مشن دسمبر کے اوائل میں روانہ ہو گا، ھکوٹو- آر ٹو مشن 4 سے 5 ماہ کی خلائی پرواز کے بعد چاند کو چھونے کی کوشش کرے گا، جاپان کا مشن ون اونچائی کے غلط حساب کتاب کی وجہ سے آخری لمحات میں ناکام ہو گیا تھا۔ 

ٹوکیو: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق جاپانی خلائی ریسرچ کمپنی اسپیس نے چاند پر دوسرا خلائی مشن بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی نے بتایا ہے کہ دوسرا مشن دسمبر کے اوائل میں بھیجا جائے گا۔ خلائی مشن اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ کے ذریعے فلوریڈا سے بھیجا جائے گا۔ 

اسپیس کے چیف ایگزیکٹو تاکیشی ہاکاماڈا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ھکوٹو- آر ٹو مشن 4 سے 5 ماہ کی خلائی پرواز کے بعد چاند کو چھونے کی کوشش کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ میں پرجوش ہوں کہ چاند پر لینڈنگ کی ہماری دوبارہ کوشش قریب آ رہی ہے۔ دوسرا مشن اپریل 2023ء میں بھیجے گئے پہلے اسپیس ٹچ ڈاؤن کی پیروی کرے گا۔ 

واضح رہے کہ جاپان کا مشن ون اونچائی کے غلط حساب کتاب کی وجہ سے آخری لمحات میں ناکام ہو گیا تھا۔ ٹوکیو میں موجود کمپنی کا مقصد امریکی میں قائم انٹویٹو مشینز کی پیروی کرنا ہے، جس نے فروری میں چاند پر دنیا کی پہلی نجی  لینڈنگ کی تھی۔