چکن گونیا کی روک تھام کیلئے قومی ادارہ صحت کی ہدایات
چکن گونیا کا بڑھتا ہوا پھیلاؤ، یہ بیماری ایڈیس نامی مچھر سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے، مچھر کے کاٹنے کے بعد بیماری کی علامات 3 سے 7 دن کے دوران ظاہر ہوتی ہیں۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے صحت نے چکن گونیا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ چکن گونیا ڈینگی سے ملتی جلتی بیماری ہے، زیادہ کیسز افریقا، جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا سے رپورٹ ہوتے ہیں۔ کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار برتھ نے بتایا کہ وائرل بیماری ایڈیس نامی مچھر سے انسانوں میں منتقل ہو رہی ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے بروقت اور مناسب اقدامات کیلئے صحت کے متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں کراچی کے علاوہ مختلف حصوں سے چکن گونیا کیسز رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔
چکن گونیا کی علامات مچھر کے کاٹنے کے 3 سے 7 دن کے دوران ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں اور یہ علامات ڈینگی بخار سے ملتی جلتی ہوتی ہیں۔ جیسا کہ بخار، جوڑوں میں تکلیف، سردرد، مسلز میں درد، خارش اور جوڑوں کے ارگرد سوجن وغیرہ چکن گونیا کی عام ترین علامات ہیں۔ اس کے علاوہ خسرہ جیسے دانے، قے اور متلی بھی اس کی ایسی علامات ہیں جن کا سامنا کم افراد کو ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ چکن گونیا کی تشخیص صرف خون کے ٹیسٹ سے ہی ممکن ہوتی ہے۔