سعودی عرب میں یمنی شہریوں کے قیام کو قانونی بنانے کا فیصلہ

image


ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمنی صدارتی قیادت کونسل کے صدر کی درخواست پر سعودی عرب میں مقیم یمنی شہریوں کی قانونی حیثیت درست کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر قانونی طور پر مقیم یمنی شہریوں کی اصلاح حال کرنا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ، وزارت افرادی قوت و سماجی ترقی اور متعلقہ ادارے تعاون کریں گے۔

سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ اصلاح حال کے لیے یمنی شہریوں کے پاس کارآمد پاسپورٹ ہونا ضروری ہوگا۔ وزارت کے مطابق یہ اقدام یمنی عوام کے لیے سعودی قیادت کے مسلسل تعاون اور برادرانہ پالیسی کا تسلسل ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے قانونی کارروائی کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔ 

سعودی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ اصلاح حال کی کارروائی شروع کرنے کی تاریخ اور اس کے ضوابط کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تفصیلات ڈائریکٹر جنرل آف پاسپورٹ اور متعلقہ اداروں کے سرکاری اکاؤنٹس کے ذریعے جاری کی جائیں گی۔ یمنی شہریوں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی قانونی حیثیت درست کرائیں۔