پاکستان میں جھینگا فارمنگ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ

image

اسلام آباد: (اکنامکس ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پاکستان میں جھینگا فارمنگ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شعبے کو مضبوط بنانے، ویلیو چین بہتر کرنے اور پیداوار، سرمایہ کاری و برآمدات میں اضافے کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات آبی جھینگا (ایکوَا شرمپ) کے لیے کراپ کلسٹر ویلیو چین سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان میں جھینگا فارمنگ کے فروغ کے لیے کراپ کلسٹر ویلیو چین سے متعلق کمیٹی قائم کی تھی، جس کا مقصد اس شعبے کی پوری ویلیو چین میں درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا اور دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اس حوالے سے جامع حکمت عملی اور قابل عمل تجاویز تیار کر رہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، صنعت اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے جھینگا فارمنگ کے شعبے کو ترقی دینے پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مربوط حکمت عملی کے ذریعے اس شعبے کی استعداد بڑھانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی برآمدات میں اضافے کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔

#BusinessNews
#24thNov2026
#ShrimpFarming
 #Pakistan
 #Aquaculture
 #BlueEconomy
 #Exports
 #MarineAffairs
 #TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNBusiness 
#TheViewsNetwork